مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج نے اروانی میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا ، شہداء کی تعداد بڑھ کر5 ہو گئی
17 جون 2017 (13:05)
0

مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی نئی کارروائی میں ضلع کلگام کے علاقے اروانی میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا جس سے کل سے اس علاقے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔
ایک اور نوجوان کی لاش دو گھروں کے ملبے سے برآمد ہوئی ہے ۔ بھارتی فوج نے علاقے میں ایک فوجی کارروائی کے دوران ان گھروں کو تباہ کر دیا تھا۔ کل بھی ملبے سے دو لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
گزشتہ روز بھارتی فوج کی طرف سے علاقے میں فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں دوشہری شہید ہو گئے۔
ادھر بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت کے واقعے کے خلاف مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ہڑتال کی اپیل سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کی ہے۔دوسری طرف کٹھ پتلی انتظامیہ نے عوام کو نوجوان کی شہادت کے واقعے کے خلاف احتجاج سے روکنے کیلئے سرینگر اور کشمیر کے دوسرے علاقوں میں پابندیاں عائد کر دی ہیں