چیئرمین نے کہا کہ آغا شہباز خان درانی کا انتقال سینیٹ، ملک اور بلوچستان کے عوام کیلئے بڑا نقصان ہے۔

سینیٹ کاآغا شہباز درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
17 جولائی 2017 (20:44)
0

 ایوان نے ایک تعزیتی قرارداد کی منظوری دی جس میں سینیٹر آغا شہباز خان درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

قائدایوان راجہ ظفرالحق کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آغا شہباز خان درانی نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کیا اورہمیشہ معاشرے کے پسماندہ طبقوں کیلئے آواز بلند کی۔
آغا شہباز خان درانی 2015ء میں بلوچستان سے ٹیکنوکریٹس اور علماء کی نشست پر منتخب ہوئے تھے جو پچھلے ماہ کی پچیس تاریخ کو انتقال کرگئے تھے۔

مرحوم سینیٹر آغا شہباز خان درانی کی یاد میں آج ایوان میں ایک تعزیتی ریفرنس بھی ہوا۔
اس موقع پر سینیٹرز نے کہا کہ آغا شہباز خان درانی ایک مخلص شخصیت تھے جنہوں نے ایوان میں قانون سازی میں بھرپور حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ایوان بالا اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
اپنے اختتامی کلمات میں چیئرمین نے کہا کہ آغا شہباز خان درانی کا انتقال سینیٹ، ملک اور بلوچستان کے عوام کیلئے بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ جمہوری اقدار اور نظام، پارلیمنٹ اور آئین کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
ایوان کا اجلاس اب کل سہ پہر تین بجے ہوگا۔