دہشت گردوں کے درمیان رابطوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے 9 کروڑ 83لاکھ سمیں بلاک کی گئیں۔

قومی لائحہ عمل کے تحت اقدامات سے مثبت نتائج برآمد ہوئے:وزارت داخلہ
17 جنوری 2016 (20:43)
0

حکومت ملک سے شدت پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی لائحہ عمل پر بھرپور انداز میں عمل درآمد کررہی ہے۔
وزارت داخلہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اب تک تین سو بتیس دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے درمیان رابطوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے نو کروڑ تراسی لاکھ سمیں بلاک کی گئیں۔
اشتعال انگیز تقاریر اور مواد پر دوہزار تین سو سینتیس مقدمات درج کئے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کی کوششوں کے دوران تین سو بائیس افراد کو گرفتار اور پینتیس کروڑ پینتالیس لاکھ ساٹھ ہزار روپے برآمد کئے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدارس کے اندراج اور انہیں باضابطہ بنانے کیلئے یکساں طریقہ کار تیار کرکے متعلقہ فریقوں کو اس سے آگاہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشتگردی کے قومی ادارے کو مستحکم اور فعال کرنے کیلئے بجٹ مختص کیا گیا ہے اور مشترکہ تحقیقات کے ڈائریکٹوریٹ کے قیام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔