این ایچ اے کے گزشتہ تین سال میں موٹرویز اور ہائی ویز کے 15منصوبے مکمل
17 فروری 2017 (19:41)
0

شاہراہوں کے قومی ادارے نے گزشتہ تین سال میں موٹرویز اور ہائی ویز کے پندرہ منصوبے مکمل کیے۔
تفصیلات کے مطابق، ادارے نے بسیمہ ناگ پنجگورہوشاب ہائی وے این پچاسی مکمل کی ہے جس پر اٹھارہ ارب روپے سے زیادہ لاگت آئی ہے۔
ایک سو ترانوے کلومیٹر طویل ایم آٹھ کے گوادر ہوشاب سیکشن کا باقی تعمیراتی کام تیرہ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔ ایک سو گیار کلومیٹر طویل قلات کوئٹہ چمن ہائی وے چھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے دو ہزار پندرہ میں فیصل آباد ملتان موٹروے کے دو سیکشن مکمل کیے، ادارے نے بارہ ارب روپے کی لاگت سے چھپن کلومیٹر طویل خانیوال ملتان سیکشن اور نوارب روپے سے زائد کی لاگت سے اٹھاون کلومیٹر طویل فیصل آباد گوجرہ سیکشن مکمل کیا۔
ایک اور اہم منصوبے شاہراہ قراقرم کا ایک سو چوالیس کلومیٹر طویل رائے کوٹ تھاکوٹ سیکشن ہے جو گزشتہ سال چھ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔
اس سے پہلے شاہراہ قراقرم کا خنجراب رائے کوٹ سیکشن پانچ ارب روپے سے زائد لاگت سے بہتر بنایا گیا۔
چودہ ارب روپے سے زائد لاگت سے انڈس ہائی وے کا تقریباً ایک سو ستانوے کلومیٹر سیہون رتو ڈیرو حصہ اپ گریڈ کیا گیا۔