وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ایک ہزار نو سو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں

سیف سٹی منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی بڑھائی جا رہی ہے
17 فروری 2017 (16:02)
0

سینٹ کو آج بتایا گیا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی بڑھائی جا رہی ہے ۔وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ایک ہزار نو سو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں .انہوں نے کہا کہ ان کیمروں سے مجرموں کی شناخت اور جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے ۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ پنجاب حکومت بھی منصوبے کے چھ شہروں میں سیف ستی منصوبے شروع کر رہی ہے ۔ایک سوال پر بلیغ الرحمان نے کہا کہ نشے کے عادی مریضوں کے علاج اور بحالی کے انسداد منشیات فورس کی نگرانی میں تین مراکز چلائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان مراکز میں گزشتہ تین سال کے دوران نشے کے عادی تین ہزار چار سو آٹھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔

ایک سوال پر ریاستوں و سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ فاٹا کا ترقیاتی ادارہ علاقے میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں تقریباً دو سو نوے صنعتی یونٹوں کا حامل ماربل سٹی تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور اسے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شامل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف آر کوہاٹ اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں دو صنعتی علاقے قائم کئے جا رہے ہیں۔
ایک اور سوال پر اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ پیمرا نے ملک بھر میں تین ہزار نو سو چورانوے کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ادارے نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں ایک سو بارہ غیرقانونی کیبل ٹی وی چینلوں کے خلاف کارروائی کی جو لائسنس کے بغیر چل رہے تھے۔ایک سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات کے پانچ متعلقہ اداروں کی تنظیم نو اور افرادی قوت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور یہ عمل اس سال اپریل میں مکمل کر لیا جائے گا۔