وزیر مملکت کیڈ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ خصوصاً سائنس مضامین کے اساتذہ کی نئی بھرتیاں جلد شروع کی جائیں گی۔

ملک بھر میں بیت المال کے 151 دفاتر کام کررہے ہیں: شیخ آفتاب
17 اگست 2016 (14:10)
0

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ ملک بھر میں ضرورت مند افراد کی مدد کے لئے بیت المال کے 151 دفاتر کام کررہے ہیں۔وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے نئے اضلاع قائم کرنے کے بعد پاکستان بیت المال کے نئے دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔
کیڈ کے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ سابق حکومت نے پمز میں جگر کی پیوند کاری کی سہولت کا آغاز کیا تھا تاہم بد قسمتی سے وہ کامیاب نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پمز میں یہ سہولت دوبارہ شروع کرنے کے لئے کام جاری ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ سہولت جلد شروع ہوجائے گی۔ایک سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ خصوصاً سائنس مضامین کے اساتذہ کی نئی بھرتیاں جلد شروع کی جائیں گی۔

وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر مملکت محمد بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ صوبے یکساں نصاب کی تشکیل پر متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے قومی نصاب کونسل قائم کی گئی ہے اور تمام صوبے آزاد جموںو کشمیر اور گلگت بلتستان یکساں نصاب پر اتفاق رائے کے لئے کام کررہے ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بارہ ہزار تین سو چار غیر رسمی بنیادی تعلیم کے کمیونٹی سکول کام کررہے ہیں اور تقریباً دس لاکھ بچے ان سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔بلیغ الرحمن نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے پروگرام کے تحت سالانہ پچاس ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری سید عاشق حسین شاہ نے ایوان کو بتایا کہ کراچی سے پشاور تک اہم شاہراہ ایم ایل ون کو جدید بنانے کے منصوبے کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ٹرینوں کی رفتار 160 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔