اسحق ڈار نے اقتصادی امور ڈویژن کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

وزیر خزانہ کی امداد ی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کیساتھ معاملات میں نظم و ضبط کی ہدایت
17 اگست 2016 (12:09)
0

وزیرخزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا جس میں غیر ملکی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری طارق باجوہ نے وزیرخزانہ کو ایشیائی ترقیاتی بنک ، عالمی بنک اور امداد دینے والے اداروں کے مالی تعاون سے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے وفاقی وزیر کو موجودہ اور آئندہ سال کے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ امداد دینے والے کثیر الجہتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاملات میں نظم و ضبط اوراعلیٰ معیار کا خیال رکھیں۔انہوں نے اقتصادی امور ڈویژن کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں وزارت خزانہ اور اقتصادی امور ڈویژن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

ادھر وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ ملک میں اصلاحات کے ایجنڈہ پر عملدرآمد جاری رکھنے اور مالیاتی نظم ونسق یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں خزانہ ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے سارک وزرائے خزانہ کے آئندہ اجلاس کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔
سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان نے رواں مالی سال کے بجٹ میں کئے گئے اعلانات پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔