خورشید شاہ نے حضور اکرمۖ کا اسم مبارک غلط طریقے سے استعمال کرنے کو سب سے بڑی گستاخی قرار دیا۔

قومی اسمبلی ،قائد حزب اختلاف کی توہین رسالت کے نام پر طالبعلم کے قتل کی مذمت
17 اپریل 2017 (20:11)
0

قومی اسمبلی کو پیر کے روز بتایا گیا کہ ملک کی29.5 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔

منصوبہ بندی اور ترقی کے پارلیمانی سیکرٹری عباداللہ نے وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ 2013-14 کے اعدادوشمار پر مبنی جائزے کے مطابق5چ کروڑ 50 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے جائزے کے مطابق تین ہزار تیس روپے ماہانہ آمدنی والے نوجوان کو خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں میں شامل کیا گیا ہے۔
قائدحزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے ایک نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے حضور اکرمۖ کا اسم مبارک غلط طریقے سے استعمال کرنے کو سب سے بڑی گستاخی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ1990 سے اب تک توہین رسالت کے الزامات پر65 افراد قتل کئے گئے لیکن کسی شخص کو پھانسی نہیں دی گئی۔
سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ حکومت کو مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں ایک طالب علم کے سفاکانہ قتل کے خلاف قرارداد لانی چاہئے تاکہ اجتماعی تشدد کے خلاف ایک بھرپور پیغام دیا جاسکے۔ شیریں مزاری نے بھی حکومت سے کہا کہ وہ طالب علم کے سفاکانہ قتل کی مذمت کیلئے قرارداد لائے۔
پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز نے سندھ میں لاپتہ افراد اور صوبے میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔
بعد میں کورم کی کمی کے باعث اجلاس کل دن ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔