میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ آپریشن رد الفساد کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد خفیہ اطلاعات پر15 بڑی کارروائیاں کی گئیں۔

آپریشن رد الفساد دہشت گرد وں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر
17 اپریل 2017 (19:35)
0

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد دہشتگردوں ، ان کے معاونین اور آلہ کاروں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے پیر کے روز راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال بائیس فروری کو آپریشن رد الفساد کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں چار ہزار سے زائد خفیہ اطلاعات پر پندرہ بڑی کارروائیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران پانچ ہزار سے زائد مشتبہ افراد اور ایک ہزار آٹھ سو انسٹھ غیراندراج شدہ افغان باشندے گرفتار کئے گئے۔
جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن کے دوران اب تک ایک سو آٹھ دہشتگرد گرفتار کئے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے اور پہلے مرحلے کے تحت خیبرپختونخوا کو افغانستان سے ملانے والی سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں افغانستان کے ساتھ بلوچستان کی سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔
آصف غفور نے کہا کہ ملک کے فوجی اور سویلین اداروں نے دہشتگردی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے۔