Wednesday, 24 April 2024, 03:56:10 pm
صدر،وزیراعظم کی کوئٹہ دہشت گرد حملے کی مذمت
December 17, 2017

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ کے ایک چرچ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے الگ الگ بیان میں شہداکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر نے کہاکہ ایسی بز دلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسلح افواج کی طرف سے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کو سراہا۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمیوں کی بروقت صحت یابی کی بھی دعا کی۔دریں اثناء بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسیحی پاکستانی بھائیوں پر حملہ کرسمس کی تقریبات خراب کرنے اور مذہبی انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر کارروائی قابل تعریف ہے اور قوم اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد اور چوکس ہے۔وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں مگر ہم اس طرح کے عناصر کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام ہمیں اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کے احترام کا درس دیتا ہے۔اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے بھی کوئٹہ میں گرجا گھر پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان سے جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد قومی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں مگر ان کو حوصلے اور عزم سے شکست دی جائے گی کیونکہ پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے۔وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے گرجا گھر پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اپنے مذمت کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ سردار ثناء اللہ خان زہری نے بھی ہم دھماکے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.