Wednesday, 17 April 2024, 04:57:33 am
کوئٹہ،گرجاگھر پر خود کش حملے میں 9افراد جاں بحق
December 19, 2017

 آج کوئٹہ میں ایک گر جا گھر پربم خودکش دھماکے میں 9 افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت 30 سےزائد افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے ریڈیو پاکستان کے نمائندے حسن فاروق کو بتایا کہ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور کو پولیس نے گرجا گھر کے گیٹ پر ہلاک کردیا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ کے ایک چرچ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے الگ الگ بیان میں شہداکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر نے کہاکہ ایسی بز دلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسلح افواج کی طرف سے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کو سراہا۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمیوں کی بروقت صحت یابی کی بھی دعا کی۔دریں اثناء بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسیحی پاکستانی بھائیوں پر حملہ کرسمس کی تقریبات خراب کرنے اور مذہبی انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر کارروائی قابل تعریف ہے اور قوم اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد اور چوکس ہے۔وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کی ۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.