Saturday, 24 October 2020, 07:44:18 pm
بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی ، ایک اور کشمیری نوجوان شہید
October 17, 2020

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج(ہفتہ) ضلع اننت ناگ اسلام آباد میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوا ن کو ضلع کے علاقے لارنومیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا ۔
نوجوان کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارت کے کشمیر مخالف اقدا مات کی مزاحمت جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عز م کا اعادہ کیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی 27اکتوبر کا دن یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ بھارت کو باورکرایا جاسکے کہ کشمیر ی اپنی سرزمین پر اسکے غیر قانونی قبضے کو مسترد کر تے ہیں۔
میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ایک بیان میں کہا کہ آزادی کی آواز اور سچائی کو دبانے کیلئے بھارت نے کشمیری عوام اور مقامی میڈیا کے خلاف جبر و استبداد کے ہتھکنڈے تیز کردیئے ہیں۔
سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے ایک بیان میں جبکہ جموںوکشمیر یوتھ سوشل فورم نے سرینگر کے عید گاہ مزار شہداء پر جاکر کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔
انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی حکام کے مجرمانہ رویے نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے غیرقانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی زندگی جموں خطے کی ادھمپور جیل میں خطرے میں ڈال دی ہے۔
ادھر کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کردہ ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج اپنے گھناؤنے چہرے کو خیر سگالی کے نام نہاد اقدامات کے پیچھے چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔