Friday, 15 November 2019, 04:55:35 am
وزیراعظم کا پاکستان،اومان باہمی تعاون کومزید وسعت دینےکیلئے حکومتی عزم کااعادہ
October 17, 2019

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور اومان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات سلطنت اومان کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث النبھانی سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی' تجارت اور ذرائع نقل و حمل کو فروغ دینے سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔عمران خان نے اومان کے چیف آف سٹاف کو مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی محاصرے' کرفیو اور مواصلاتی بندش سمیت انسانی حقوق اور انسانی بحران کی سنگین صورتحال کے بارے میں بتایا جو پانچ اگست سے جاری ہے اور اسی لاکھ سے زائد کشمیریوں کی زندگیوں پر بری طرح اثر انداز ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد تنازعے کا واحد حل ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث نے وزیراعظم عمران خان کو سلطان قابوس بن سید السید کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔انہوں نے اومان اور پاکستان کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور باہمی دوروں' تربیتی تبادلوں کے پروگراموں اور مشترکہ مشقوںکے تسلسل سمیت دفاعی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔اومان کی مسلح افواج کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب کو سراہا اور خلیج میں کشیدگی کم کرانے اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے ان کے اقدامات کی تعریف کی۔ملاقات کے د وران دوطرفہ' علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اومان کی مسلح افواج کے سربراہ نے وزیراعظم کو اپنے ملک کی قیادت کی جانب سے اومان کے دورے کی دعوت دی۔