Friday, 18 October 2019, 11:34:11 am
سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے کردار ادا کرے،صدر آزاد کشمیر
September 17, 2019

آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں بھارت کے جارحانہ رویے، غیرذمہ دارانہ اقدامات اور بالادستی قائم کرنے کے عزائم نے پورے خطے کے امن و سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے روز اول سے کشمیر کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی بنیادوں پر اپنی حمایت پیش کی۔انہوں نے یہ مسئلہ اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالنے پر بین الاقوامی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ خصوصاً یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا۔انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کا اپنے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کا جائزہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے پر چین، ترکی، ایران اور انسانی حقوق کیلئے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر مچل Bachelet کی تعریف کی جبکہ سردار مسعود نے افسوس ظاہر کیا کہ تمام بڑی طاقتیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی حمایت میں خاموش ہیں۔آزادکشمیر کے صدر نے یورپی پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف کئے گئے جرائم کے خاتمے کے لئے آواز بلند کر کے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ پورا کشمیر محاصرے میں ہے اور بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے شہریوں کے خلاف خونریزی جاری ہے۔آزادکشمیر کے صدر نے کہا کہ کشمیری اپنے حقوق کے حصول کیلئے پرعزم ہیں اور آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔