Monday, 24 September 2018, 01:29:56 pm
امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اقوام متحدہ منشور کے منافی ہے،ملیحہ
May 17, 2018

 پاکستان نے فلسطینیوں کی حالت زارکامسئلہ حل کرنے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کے کسی بھی اقدام کی حمایت کی ہے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت نہ کرنے پرافسوس کااظہارکیاہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سفارتکاروں کے ہنگامی اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے اس بات پرافسوس ظاہر کیا کہ ایک ملک نے کونسل کے چودہ ارکان کی جانب سے ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی اپیل مسترد کردی ہے۔

انہوں نے بعض ممالک کی طرف سے دونو ں طرف صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کو انتہائی دوہرا معیار قرار دیا جس کا مقصد قابض طاقت اور فلسطینیوں کوہم پلہ ظاہر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کا اپنے سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا ا قدام بین الاقوامی قوانین اور طاقت کے بل بوتے پر کسی علاقے پر قبضہ کرنے سے ممانعت سے متعلق اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہے۔ اس اقدام سے مشرق وسطی  میں دو  ریاستی حل کے کسی بھی امکان کو شدید نقصان پہنچے گا۔