صدر کاخطے کے ملکوں کے فائدے کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور
16 ستمبر 2017 (22:34)
0

صدرممنون حسین نے خطے کے مفاد کیلئے ترکمانستان ،افغانستان ،پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر Gurbanguly Malikgulyevich Berdimuhamedovکے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
صدر نے کہا کہ تاپی منصوبے میں سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی ترسیل اور فائبر آپٹک لائنیں بچھانے اور اقتصادی زونز کے قیام جیسے منصوبوں کو شامل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے ترکمانستان کی طرف سے افغانستان کے ذریعے پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کا بھی خیر مقدم کیا ۔ممنون حسین نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون اور مختلف شعبوں میں علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت پر زور دیا۔
انہوں نے اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے ویزے میں نرمی کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ دونوں ملک تعمیرات، پیٹروکیمیکل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، گاڑیوں کے پرزوں، چھری کانٹوں اور آلات جراحی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔