سعودی عرب نے سمندری حدود کے تحفظ اور خطے میں امن اور استحکام میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی ہے
16 ستمبر 2017 (18:32)
0

سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع محمد بن عبداللہ Alayeesh نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ معزز مہمان کی نیول ہیڈکوارٹر آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے اتحادی ملکوں کی بحری افواج کی مہم جوئی اور بحری قزاقوں سے نمٹنے کی کارروائیوں میں پاک بحریہ کی شرکت سمیت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کارکردگی کو اجاگر کیا۔
سعودی معاون وزیر نے خطے میں امن اور استحکام کیلئے میری ٹائم سیکورٹی کے ساتھ تعاون میں پاک بحریہ کے کردار اور عزم کی تعریف کی۔

محمد بن عبداللہ Al-Ayeesh نے بھی ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ائیرہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز میں آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے انکا استقبال کیا۔
انہوں نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انکا ملک ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے گا۔
ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے ایوی ایشن کے شعبے اور سعودی رائل ائیر فورس کی عسکری تربیت کیلئے مدد اور تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔