وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ بیرونی چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے داخلی استحکام ناگزیر ہے
16 ستمبر 2017 (16:13)
0

وزیر داخلہ احسن اقبال نے بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے داخلی استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے ترقیاتی عمل میں داخلی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت کراچی اور بلوچستان میں امن بحال ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ' پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں دو ہزار تیرہ کے مقابلے میں اسی سے نوے فیصد کمی آئی ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آئین میں ریاستی اداروں کی حدود واضح طور پر متعین ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا مکمل احترام کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں واضح ترقی ہوئی ہے کیونکہ موٹرویز تعمیر کی جارہی ہیں' بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے اور چار برسوں میں زرمبادلہ کے ذخائر دوگنا ہوگئے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے اور رواں مالی سال کے دوران ملک میں مقامی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ۔