وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

پاکستان اور چین مل کراقتصادی راہداری کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گے: احسن اقبال
16 ستمبر 2017 (13:11)
0

وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کا روشن پہلو ہے ۔وہ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔

انہوں نے کہاکہ پاک چین تعلقات باہمی خیرسگالی ، اقتصادیات اور دفاع کے شعبوں میں طویل المدتی تعاون پرمبنی ہیں ۔ملاقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کوجدید خطوط پرتربیت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔ احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کو نمایاں حیثیت حاصل ہے اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اسے شمالی اور جنوبی زونز میں تقسیم کیاگیا ہے ۔
چینی سفیر نے پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں پرکام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکورٹی پر اطمینان کااظہارکیا ۔ احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان اورچین ملکر چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں کوناکام بنائیںگے ۔