وزیراطلاعات نے کہا کہ طاہر القادری کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہاگیاہے کہ تین افراد قتل ہوئے ۔ اُنہوں نے عمران خان سے کہا کہ چودہ لاشوں کی شناخت بتائیں ۔

عمران خان اپنے الزامات عدالتوں میں ثابت کریں: پرویز رشید
16 ستمبر 2014 (20:20)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے عمران خان پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے الزامات عدالتوں میں ثابت کریں
منگل کی شام اسلام آباد میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کا نیا الزام یہ ہے کہ گزشتہ ماہ کی تیس اور اکتیس تاریخ کو شاہراہ دستور پر پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے سترہ افراد کی لاشیں پمز ہسپتال نے چھپا دی ہیں ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ طاہر القادری کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہاگیاہے کہ تین افراد قتل ہوئے ۔ اُنہوں نے عمران خان سے کہا کہ چودہ لاشوں کی شناخت بتائیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان یہ بھی الزامات عائد کررہے ہیں کہ 2013کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور بیلٹ پیپرز اُردو بازار میں چھاپے گئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مورود الزام ٹھہرائے گئے پرنٹرز عدالت میں گئے ہیں اور عمران خان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ اپنے الزامات ثابت کریں ۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے سابق چیف جسٹس، سابق آرمی چیف اور ملٹری انٹیلی جنس کے ایک بریگیڈیئر پر بھی الزامات لگائے ہیں اور دعویٰ کیاہے کہ ایک تقریر نے انتخابات کے نتائج کا رخ تبدیل کیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم پر زوردیا کہ ان الزامات کودھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے مجوزہ عدالتی کمیشن کے قواعدو ضوابط میں شامل کرلیں لیکن پاکستان تحریک انصاف ایسا کرنے پر تیار نہیں ہے ۔
وزیراطلاعات نے افسوس کا اظہار کیاکہ ایک طرف عمران خان نے پارلیمنٹ ہائوس اور پی ٹی وی مرکز پر حملہ کرنے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کیاہے اور دوسری طرف وہ انہیں پولیس حراست سے چھڑانے کیلئے خود غنڈوں کی قیادت کرتے ہیں ۔