16 ستمبر 2014 (20:56)
0

پاکستان نے افغان حکومت کے ان الزامات کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قراردے کر مسترد کردیاہے کہ پاکستانی خفیہ ادارے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اپنے اس عزم پر سختی سے کاربند ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے کہا تاہم پاکستان اس بات پر یقین رکھتاہے کہ دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ باہمی تعاون سے ہی کیا جاسکتاہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کے بلاامتیاز خاتمے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار ضرب عضب کے جاری آپریشن سے ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ سرحد کے دوسری طرف افغان حکام کی جانب سے بھی ایسے ہی اقدامات کیے جائیں۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ اور افغانستان میں پناہ لینے والے پاکستان کے عناصر کو پاکستان کے حوالے کرنا اس سمت میںپہلا اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغانستان ' پاکستان کے ساتھ تعاون پر مبنی دوستانہ اور اچھے پڑوسیوں جیسے تعلقات کے طویل المدت مفادات کیلئے دہشت گردی کے خلاف ضروری اقدامات کرتے ہوئے مثبت رویے کا اظہار کرے گا۔