مظفرگڑھ کے سیلاب متاثرین سے باتیں کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

حکومت سیلاب زدگان کے نقصانات کا ازالہ کرے گی:وزیراعظم
16 ستمبر 2014 (14:40)
0

وزیراعظم نواز شریف نے یقین دلایا ہے کہ حکومت ملک میں سیلاب زدگان کے نقصانات کا ازالہ کرے گی اور انہیں بحال کرے گی۔انہوں نے آج(منگل ) مظفرگڑھ کے سیلاب متاثرین سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان کی مشکلات کا ادراک ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تباہ کن سیلاب کے باعث ان کے مکانات ، فصلوں اور مویشیوں کا ہونے والے نقصان کا جلد معاوضہ ادا کیا جائے گا۔


اس موقع پر سیلاب متاثرین نے وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی مشکلات کم کرنے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔نواز شریف نے کہا کہ یہ ناگہانی آفت اچانک آئی جس پر حکومت کو کوئی کنٹرول نہیں۔

 

وزیراعظم نے سیلاب سے نقصانات اور تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے متاثرین سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


اس سے پہلے وزیراعظم نے خورشید آباد ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں امدادی سرگرمیوں کے چونتیس کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ایک سو پچپن دیہات متاثرہوئے ہیں۔