ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاہے کہ منصوبہ خطے کی ترقی کے لئے چین کا مجموعی ویژن ہے ۔

اقتصادی راہداری پاک چین دوستی کے تناظر میں انقلابی منصوبہ ہوگا:فاطمی
16 ستمبر 2014 (14:53)
0

خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ خطے کی ترقی کے لئے چین کا مجموعی ویژن ہے اور اس پورے خطے میں اقتصادی ترقی ہو گی۔

پائیدار ترقی کے پالیسی ادارے کے زیر اہتمام عالمی طاقت کے بدلتے ہوئے رحجانات اور چین کے کردار کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان چین دوستی کے تناظر میں ایک انقلابی منصوبہ ہو گا۔


انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں حکومتوں کی مشترکہ خواہش کا آئینہ دار ہے تاکہ اقتصادی تعاون اور عوامی ترقی کو دوطرفہ ایجنڈے میں مرکزی حیثیت حاصل ہو۔

دریں اثناء بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فاطمی نے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے علاقائی سوچ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ خطے کے تمام ممالک قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں۔


چینی صدر کا پاکستان کا دورہ ملتوی ہونے کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین پچھلے ایک سال سے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر کام کررہے ہیں اور یہ معاہدے متاثر نہیں ہونگے۔