نوازشریف نے کہا ہے کہ فوجی مشق رعد البرق اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان دشمنوں کے عزائم اورکسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

علاقائی سا لمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا:وزیراعظم
16 نومبر 2016 (15:14)
0

وزیراعظم نوازشریف نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ قومی سلامتی اور علاقائی سا لمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔وہ آج بہاولپور کے قریب خیرپور ٹامے والی میں فوجی مشقوں رعدالبرق کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ فوجی مشق رعد البرق اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان دشمنوں کے عزائم اورکسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔
نوازشریف نے کہاکہ حکومت خطے میں امن کے لئے دوسروں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اورہم دوسروں سے بھی اسی جذبے کی توقع رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم خطے میں ہونیوالی حالیہ پیشرفت سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ انتہائی بد قسمتی ہے کہ جنوبی ایشیا کشیدگی کا مرکز رہا ہے ،جموں وکشمیر کا مسئلہ پاکستان اوربھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق سنجیدگی سے اور جامع انداز میں حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں مقامی سطح کی حالیہ تحریک کو دبانے کیلئے وحشیانہ اقدامات نقصان دہ ہیں انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پر ہمارے بے گناہ شہریوں اور جوانوں کو شہید کرنا جارحیت کی ایک اورکارروائی ہے جو عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔