File Photo

فاٹا اصلاحات کمیٹی میں قبائلی علاقوں کے فاٹا میں انضمام کی تجویز پیش
16 نومبر 2016 (10:34)
0

فاٹا اصلاحات کمیٹی نے قبائلی علاقوں کے فاٹا میں انضمام کی تجویز پیش کی ہے۔ فاٹا اصلاحات کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد علاقے کو قومی دھارے میں اور ملک کے دیگر حصّوں کے برابر لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انضمام پانچ سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی اور بحالی، گھروں اور دکانوں کی تعمیر اور انہیں سماجی زندگی دوبارہ شروع کرنے میں مدد دینا پہلی ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات علاقے میں دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بھی ضروری ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ علاقے میں ترقی کو یقینی بنانے کیلئے دس سالہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے منصوبے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح ہائی کورٹ اور سپریم مکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے برس کے آخر میں فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔