منظو رشدہ پیکیج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر19 اشیائے خورونوش ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

 اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خصوصی رمضان پیکیج کی منظوری دے دی
16 مئی 2017 (17:48)
0

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عام آدمی کی سہولت کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے سے زائد کے خصوصی رمضان پیکیج کی منظوری دی ہے۔

یہ منظوری وزیر خزانہ اسحق ڈار کی صدارت میں منگل کے روز اسلام آباد میں کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔
منظو رشدہ پیکیج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر انیس اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔
ان اشیاء میں چاول ، چائے ، چینی ، دالیں ، آٹا ، دودھ ، مشروبات ، کجھوریں ، گھی ، تیل ، سفید چنا ، بیسن اور مصالحہ جات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن 24 سو اشیاء کی قیمتوں میں 5 سے10 فیصد کمی بھی کرے گی جس کیلئے سپلائرز سے خصوصی رعایت لے کر اپنا منافع کم کیا جائے گا۔
یوریا کی برآمد کا کوٹہ بھی تین لاکھ سے بڑھا کر چھ لاکھ میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں یوریا کھاد کی برآمد کی تاریخ میں31 اکتوبر تک توسیع کی بھی منظوری دی گئی
خزانہ ڈویژن کی تجویز پر ای سی سی نے اس سال پندرہ جولائی سے کپاس کی درآمد پر درآمدی ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس بحال کرنے کی منظوری دی ۔
یہ فیصلہ آئندہ سیزن میں کپاس کے مقامی کاشتکاروں کا اعتماد بہتر کرنے کیلئے کیا گیا ہے