وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان (ساؤتھ)میجر جنرل سردار طارق امان کی ملاقات۔

 ایران،افغانستان کیساتھ سرحدی نگرانی کا طریقہ کار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،نثار
16 مئی 2017 (16:57)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پوری قوم داخلی اور خارجی سلامتی یقینی بنانے کیلئے سول مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کی معترف ہے۔
انہوں نے یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں بلوچستان ساوتھ کی فرنٹئیر کانسٹبلری کے انسپکٹر جنرل میجرجنرل سردار طارق امان سے ملاقات میں کہی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور بلوچستان میں امن وامان کے تناظر میں فرنٹئیر کور کا کردار زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وفاقی حکومت ایف سی کی استعداد کار بہتر بنانے کے پروگراموں کے ذریعے ان کی آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران سول مسلح افواج کی خدمات مزید بہتر بنانے کیلئے 80 ارب روپے سے زائد خرچ کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اور دیگر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے افغانستان اور ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی نگرانی کا طریق کار بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحدی علاقوں پر مسلسل نظر رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے جبکہ نئے کراسنگ پوائنٹ بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔