اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کئی ریاستی اور غیر ریاستی عناصر جان بوجھ کر جنسی تشدد کرتے ہیں تاکہ پوری آبادی کو دبایا جاسکے۔

پاکستان کاعالمی برادری پر تنازعات سے متعلقہ جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات پرزور
16 مئی 2017 (13:04)
0

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعات سے متعلقہ جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے جوعالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے بارے میں بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کئی ریاستی اور غیر ریاستی عناصر جان بوجھ کر جنسی تشددکرتے ہیں تاکہ پوری آبادی کو دبایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سنگین صورتحال ہم مقبوضہ کشمیر میں دیکھ سکتے ہیں جہاں بھارتی فوج کشمیریوں کی جانب سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کو دبانے کی کوششیں کررہی ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ تنازعات سے متعلقہ جنسی تشدد کی رو ک تھام کیلئے بہترین راستہ یہ ہے کہ ان تنازعات کو حل کیا جائے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ جو لوگ جنسی تشدد کے مرتکب ہوتے ہیں ان سے اکثر مکمل طورپر پوچھ گچھ نہیں کی جاتی۔