نواز شریف نے کہاکہ 2013 سے حکومت کی وضع کردہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے معاشی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے روشن پہلو ہے:وزیراعظم
16 مئی 2017 (11:12)
0

وزیراعظم نوازشریف نے آج Zehjiang میں علی بابا گروپ کے دفاتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے کلمات میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ترقی کرتا ملک ہے اورحکومت عوام کی خوشحالی کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔  وزیراعظم نے کہاکہ 2013 سے حکومت کی وضع کردہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے معاشی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ا ی کامرس کا دور ہے اور حکومت نے اس پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

نواز شریف نے کہاکہ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے روشن پہلو ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو کمپنی کی تاریخ ،کام کے طریقہ کار اورکارکردگی کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔اس موقع پرکمپنی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے پاکستان کی طرف سے وزیر تجارت خرم دستگیر نے دستخط کئے۔ وزیراعظم بھی دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ معاشی استحکام کے ذریعے عوام کو بااختیار بنانے میں پختہ یقین رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ای کامرس معاشی شمولیت اور سیاسی استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ پچھلے چار سال کے دوران حکومت نے تمام بالخصوص آبادی کے پسماندہ طبقات کی ڈیجیٹل اور مالی شمولیت کو فروغ دیا ہے۔
رقوم کی ڈیجیٹل ٹرانزیکشن اورمنتقلی کے ساتھ معلوماتی اورمواصلاتی ٹیکنالوجیز کی خدمات کو تمام افراد کے لئے ارزاں کردیا ہے۔