حکومت پاکستان کو اقتصادی راہداری بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے:ڈار
16 جون 2017 (20:11)
0

وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو اقتصادی راہداری بنانے اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔

وہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں طورخم اور چمن سرحد پر بارڈرکراسنگ کمپلیکس کی تعمیر کاجائزہ لیاگیا جو مربوط تجارتی رہداری کے انتظام وانصرام کے منصوبے کا حصہ ہے ۔
اسحق ڈار نے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے طورخم اور چمن کے سرحدی مقامات پر امیگریشن کے وقت میں بچت ہوگی ۔

دریں اثناء وزیرخزانہ نے اسلام آباد میں ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومت کا یہ عزم دہرایا کہ ملک کے امن وسلامتی کیلئے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے کاعمل مزید مضبوط کیاجائے گا۔
اسحق ڈار نے تمام فریقین پرزوردیا کہ وہ مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے موثر روابط اور اجتماعی کوششیں کریں۔
فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی امداد کے ناسور کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے اجلاس کو دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور دفترخارجہ کی طرف سے سفارتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کا مقصد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے میں پاکستان کے اقدامات کواجاگر کرنا ہے۔