وفاقی وزیر نے کہاکہ توانائی کے شعبے سے متعلق مختلف منصوبوں کی بدولت مجموعی اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے۔

توانائی کے متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں:خواجہ آصف
16 جون 2015 (18:18)
0

پانی اور بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بجلی کی پیداوار سے متعلق پالیسیاں بہتر بنائی گئی ہیں۔

وہ منگل کو اسلام آباد میں بیرون ملک سرمایہ کاری کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی نمائندے جاوید ملک کی سربراہی میں امریکی ETHONE کمپنی کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور نجی شعبہ ان پرکام کررہا ہے انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے سے متعلق مختلف منصوبوں کی بدولت مجموعی اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے اور ملک کے اقتصادی اشاریوں میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔


وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایاکہ وزارت اور اس کے ادارے انھیں ہرممکن سہولت فراہم کریںگے۔ پانی وبجلی کی وزارت کے سیکرٹری محمد یونس DAGHA نے وفد کو بجلی کی پالیسی کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بتایا اور کمپنی کوہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

خواجہ آصف نے اٹلی کے نائب وزیرخارجہ Benedetto Detta سے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ، باتیں کرتے ہوئے پاکستان اوراٹلی کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔


انہوں نے کہاکہ پاکستان کا توانائی کا شعبہ آبی ذخائر سمیت بجلی کی تنصیبات کیلئے سیکورٹی SOCUTIONS کے شعبے میں اطالوی کمپنیوں کی مہارت سے استفادہ کرناچاہتا ہے۔ وفاقی وزیر نے اٹلی کی کمپنیوں کو پاکستان کے تمام صوبوں میں چھوٹے آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ اٹلی کے نائب وزیرخارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا۔