وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مسلم لیگ نون کے منشور کے مطابق پاکستان نے اصلاحات کاپروگرام کامیابی سےمکمل کرلیاہے۔

درجہ بندی کے عالمی ادارے پاکستا ن کی اقتصادی ترقی کو تسلیم کررہے ہیں:ڈار
16 جولائی 2017 (07:03)
0

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مسلم لیگ نون کے منشور کے مطابق پاکستان نے اصلاحات کاپروگرام کامیابی سےمکمل کرلیاہے۔
اسلام آباد میں مالی ومالیاتی پالیسیوں کی تیاری سے متعلق رابطہ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مشکل اور اہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعملدرآمد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ اصلاحات کے پروگرام کی کامیاب تکمیل سے حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پرعالمی برادری کااعتمادمستحکم ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک کو جامع اورپائیدارترقی کی شاہراہ پرگامزن کردیا ہے جس سے پاکستان کی اقتصادی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اور Moody ، S&P اور Fitch جیسے درجہ بندی کے عالمی ادارے پاکستا ن کی اقتصادی ترقی کو تسلیم کررہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ تمام اقتصادی اشاریوں میں مثبت رجحان پایاجارہاہے اور رواں سال مجموعی شرح نموبڑھ کرپانچ اعشاریہ تین فیصد تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ ایک عشرے میں شرح نمو کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر حوصلہ افزا سطح پر ہیں اور گزشتہ چار سال سے زائد عرصے کے دوران ٹیکس وصولی میں چوہترفیصدکااضافہ ہوا ہے اور تجارتی اورگھریلوصارفین کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پہلی مرتبہ معیشت کاحجم تین سو ارب ڈالر کی حد عبور کرچکا ہے اور مالی سال دوہزاربارہ۔تیرہ سے اب تک ہر پاکستانی کی اوسط آمدنی میں بائیس فیصد اضافہ ہواہے۔