ترک وزیراعظم کا ہرسال 15جولائی کو یوم جمہوریت منانے کا اعلان
16 جولائی 2016 (17:42)
0

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ہفتہ کی سہ پہر انقرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکی میں فوجی بغاوت کی کوششیں ناکام بنادی گئی ہے ۔ انہوں نے بہترین جمہوری اقدار کا مظاہرہ کرنے پر شہریوں کی تعریف کی انہوں نے جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔  ترک وزیراعظم نے کہاکہ بغاوت کی کوشش کے دوران ایک سواکسٹھ افرادہلاک ہوئے جبکہ ایک ہزار چار سو چالیس افراد زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سازش کوناکام بناتے ہوئے متعدد فوجی شہید ہوئے انہوں نے کہاکہ بغاوت کی منصوبہ بندی کرنے والے تمام افراد اور دو ہزار آٹھ سو انتالیس فوجیوں کو غداری کے الزام پرگرفتارکرلیاگیا ہے ۔
ترک وزیراعظم نے ملک میں ہرسال پندرہ جولائی کو یوم جمہوریت منانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے باغیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پرسیکورٹی فورسز کومبارکباد بھی دی۔
بن علی یلدرم نے کہاکہ ترکی کے عوام غداروں کے خلاف بھرپور انداز میں کھڑے ہوگئے اور ان غداروں کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں ترک حکومت کی حمایت کرنے پر تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔