جموں و کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے:گیلانی
16 جنوری 2016 (19:34)
0

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میںقائم فورم نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے ۔
فورم نے ہفتہ کے روز سرینگرمیں ایک اجلاس کے بعد جاری بیان میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پورا جموں وکشمیر بھارت کا حصہ ہے۔
اس سے قبل اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔
حریت رہنمانعیم احمد خان نے سرینگرمیں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گااور انکے مشن کو ہرقیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ادھر سرینگر کے علاقے بٹہ مالو میں سینکڑوں لوگوں نے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
ادھر اسلام آباد میں بدھ کے روز سے کشمیر کے بارے میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے چیلنجوں پر غور کیا جائے گا۔