ژی جن پنگ نے کہا کہ مالی تعاون سے ایشیامیں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد ملے گی۔

 پاکستان کا ایشین انفراسٹرکچر انویسمنٹ بینک کیلئے تعاون کا اعادہ
16 جنوری 2016 (19:53)
0

چین نے کہا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے خطے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور عالمی معاشی نظم و نسق میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔
چین کے صدر ژی جن پنگ نے ہفتہ کے روز بیجنگ میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینک کے مالی تعاون سے سرمایہ کاری کوموثر طورپر فروغ دیا جاسکے گا جس سے ایشیامیں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ اس سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں خصوصاً نجی سرمایہ کاری کیلئے مزید وسائل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جو پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے\' ایشین انفراسٹرکچر انویسمنٹ بینک کیلئے تعاون کا عزم ظاہر کیا اور امیدظاہر کی کہ بینک دوسرے ترقیاتی بینکوں سے ملکر کام کرے گا اور خطے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں نقصانات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بنک گزشتہ سال باضابطہ طور بیجنگ میں قائم کیا گیا تھا\'بنک توانائی ، ٹرانسپورٹ ، شہری تعمیرات ، نقل وحمل ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ بنک ایشیاء میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیرات اور پائیدار ترقی کیلئے عالمی بنک ، ایشیائی ترقیاتی بنک سمیت دوسرے کثیر جہتی ترقیاتی بنکوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔