جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن ایجنسیوں کو خبردار کیا کہ وہ علاقائی امن و استحکام کو خراب کرنے سے گریز کریں۔

16 فروری 2017 (22:00)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن ایجنسیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقائی امن اور استحکام کی صورتحال کو خراب کرنے سے گریز کریں کیونکہ پاکستان برداشت کی موجود پالیسی کے باوجود جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہا ر جمعرات کے روز مہمند اور باجوڑ ایجنسیوں کے دورے کے موقع پر کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ملکی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور ہم دوسرے ملکوں سے بھی اسی بات کی توقع رکھتے ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگرد افغانستان میں محفوظ ٹھکانوں میں دوبارہ منظم ہوکر ہمارے معاشرے میں مایوسی اور شکست خوردگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر انکے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
اس سے پہلے آرمی چیف نے فوجی جوانوں اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ فوج فاٹا میں صحت، تعلیم، سڑکوں اور کمیونٹی منصوبوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی کوششیں جاری رکھے گی۔
بری فوج کے سربراہ نے گزشتہ روز غلانئی میں دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے تعزیت کی۔