عابد شیر علی نے ایوان بالا کو بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام اس سال کے آخر تک شروع ہوگا۔

سینیٹ،رواں سال قومی گرڈ میں 3600میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی
16 فروری 2017 (17:39)
0

دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام اس سال کے آخر تک شروع ہوگا۔
یہ بات پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے آج سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر اور اس سے متعلق ضروری شرائط پر سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت دی گئی گرانٹ کے ذریعے عملدرآمد کیا جائے گا اور واپڈا بھی اس سلسلے میں وسائل فراہم کرے گا جبکہ بجلی کے پیداواری اخراجات مقامی اور غیر ملکی قرضوں اور واپڈا کی جانب سے فراہم کیے گئے فنڈز کے ذریعے عملدرآمد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول اور ڈیم کی سائٹ پر کالونی کی تعمیر کیلئے اکیاسی ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لئے درگار بیشتر اراضی سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت حاصل کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سال بجلی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے بعد ستمبر تک قومی گرڈ میں چھتیس سو میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر قانون زاہد حامد نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران وفایق محتسب کے دفتر کو لیسکو کے خلاف چھتیس ہزار تین سو اٹھاسی شکایات موصول ہوئیں اور ان میں سے تینتیس ہزار چار سو اٹھہتر شکایات پر فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں پٹرولیم کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ Inshpa تیل کے کنوئیں کی پائپ لائن کا تعمیراتی کام گزشتہ سال اکتوبر میں مکمکل ہوا، انہوں نے کہا کہ کنوئیں سے تیل کی یومیہ پیداوار تین ہزار تین سو سٹرسٹھ بیرل اور گیس کی بارہ ملین مکعب فٹ ہے۔