وزیر دفاع نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کو سراہا ۔

پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے: خواجہ آصف
16 فروری 2017 (14:20)
0

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر دفاعی آلات کی تیاری میں خودانحصاری ہی قومی دفاع کو مضبوط بنانے کا واحد ذریعہ ہے ۔وہ آج پاکستان ائروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کرنے سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت مستقبل میں پاک فضائیہ کو آپریشنل طیاروں خصوصاً اسکے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے پروگرام کے لئے فنڈز کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ عالمی برادری خصوصاً ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کے خلاف سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے ۔وفاقی وزیر نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کو سراہا جس کی بدولت نہ صرف ملک میں امن واستحکام قائم ہوا بلکہ پاکستان کی معیشت بھی تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی ہے ۔
خواجہ آصف نے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی مشترکہ تیاری میں تعاون فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کی صلاحیت کا دنیا بھر میں جدت کے چوتھے مرحلے کے لڑاکا طیاروں کی صلاحیت سے موازنہ کیا جا سکتا ہے ۔