ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے:پاکستان
16 فروری 2017 (14:16)
0

پاکستان نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے.ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں مسلسل عدم استحکام نے غیرریاستی عناصر اور دہشت گرد تنظیموں کو ملک میں اپنے قدم مضبوط کرنے میں مدد دی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قائم تنظیم جماعت الاحرار نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی سرزمین پر سرحد پار سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ ہمارے تحفظات دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔