دورے کے دوران کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

چینی صدر پیر کوسرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے
16 اپریل 2015 (19:31)
0

چین کے صدر ژی جن پنگ دو روزہ سرکاری دورے پر پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہاکہ چینی صدر کے ساتھ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی ہوگااور ان کے دورے کے دوران کئی اہم معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔


ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے علاوہ بھارت کے ساتھ مسلمہ طریقہ کار کے تحت اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن آپریشن جاری ہے اور ایسے وقت میں مشرقی سرحد پر کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔


ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ سرینگر میں پاکستانی پرچم لہرانا بھارت کے زیر تسلط کشمیر اور پاکستانی عوام کے درمیان گہرے جذباتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے بارے میں سوال پر تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان جوہری طاقت کا حامل ایک ذمہ دار ملک ہے اور انتہائی مضبوط کمان اور کنٹرول نظام رکھتاہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ' افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
یمن بحران پر پارلیمانی قرارداد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر سعودی عرب سے قریبی رابطے میں ہے اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔