Tuesday, 22 September 2020, 08:42:15 am
حکومت ملک ،جمہوریت کیلئے حزب اختلاف کیساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم
September 16, 2020

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملک اورجمہوریت کیلئے حزب اختلاف کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہے تاہم انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

بدھ کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ایوان میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق ہونے والی قانون سازی ملک کے مستقبل اور اسے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے بہت اہم تھی۔
وزیراعظم نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اس قانون سازی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں موٹر وے پر پیش آنے والے بے حرمتی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنسی جرائم میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دینے کیلئے جامع قانون سازی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون ایسے بہیمانہ واقعات میں ملوث افراد کو سزا دلوانے کیلئے عینی شاہدین کا تحفظ بھی یقینی بنائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موٹر وے پر بے حرمتی کے واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔