Saturday, 17 November 2018, 06:11:40 am
قومی مسائل کا حل، سیاسی رہنماؤں،تجزیہ کاروں کا نئی حکومت کیلئے عوامی حمایت کی ضرورت پر زور
August 17, 2018

سیاسی رہنماؤں اور تجزیہ کاروں نے قومی مسائل کے حل کیلئے نئی حکومت کیلئے عوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔آج رات ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کا ایجنڈا یکساں ہے اور انہوں نے مرکز اور پنجاب میں ایک دوسرے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور قومی معیشت کو مستحکم کرنا پی ٹی آئی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما علی محمد خان نے کہا کہ اہم مسائل میں سکیورٹی، دہشت گردی کا خاتمہ، قانون کی بالادستی، علم پر مبنی تعلیم کی فراہمی،معیشت کی بہتری اور توانائی کے شعبے کو کی ترقی شامل ہے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے پہلے ہی ایک جامع لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔پی ٹی آئی کے ہی ندیم افضل چن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات بھلا کر ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے متحد ہوجانا چاہئے۔سینئر تجزیہ کار جان محمد اچکزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو سب سے اہم چیلنج معاشی استحکام ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا اور کسی قسم کی محاذ آرائی اور غلط فہمی سے بچنے کیلئے اپنے ہمسائیوں کیساتھ روابط بہتر بنانا ضروری ہے۔معروف معاشی تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کیلئے عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر آئی ایم ایف سے قرضے کا حصول ایک بڑا چیلنج ہو گا۔