Thursday, 19 September 2019, 01:15:39 pm

مزید خبریں

 
سردار مسعود کی بھمبر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے طالبعلم کی شہادت کی مذمت
May 16, 2019

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ضلع بھمبر میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان طالب علم شہید ہوگیا ہے ۔بیس سالہ عمر سبحانی جوبی ایس سی کا طالب علم تھا ضلع بھمبھر میں اپنے گھر کے صحن میں افطاری کی تیاری کررہا تھا جب گزشتہ رات بھارتی فوج نے ہلکے ہتھیاروں سے اسے نشانہ بنایا ۔کنٹرول لائن کے ساتھ رہنے والے شہریوں کو بھارت کی حالیہ فائرنگ کا سامنا کرنے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ بھارتی فوج 2003ء کے جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پرکشیدگی بڑھا رہا ہے ۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہاکہ کنٹرول لائن پر بھارتی کارروائیاں کشمیریوں کے بھارتی تسلط سے اپنی مادر وطن کو آزاد کرانے کے جذبے کو کمزور نہیں کرسکتیں ۔سردار مسعود خان نے مزید کہاکہ بھارت ماضی میں بھی کشمیر کی تحریک آزادی کوکچلنے میں ناکام رہا ہے اور وہ مستقبل میں بھی کشمیریوں کے عزم واستقلال کوشکست نہیں دے سکے گا ۔