Tuesday, 23 October 2018, 02:07:14 am
پاکستان کی بہت زیادہ جغرافیائی وتذویراتی اہمیت ہے، ناصر خان جنجوعہ
April 16, 2018

file photo

قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہت زیادہ جغرافیائی وتذویراتی اہمیت ہے اور وہ خطے میں امن اور استحکام میں بہتری کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وہ اسلام آباد میں ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی رابطوں کیلئے کام کررہے ہیں، پاکستان امن کیلئے کوشاں ہے اور خطے کی اقتصادی خوشحالی کیلئے دیگر ملکوں کے ساتھ تعاون کررہاہے۔

ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے کوشش کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور متعدد مواقع پر پاکستان نے خطے اور دنیا میں امن اور استحکام میں تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور امریکہ، چین ، روس، وسط ایشیائی ممالک اور افریقہ کا تذویراتی شراکت دار ہے۔ پاکستان میں بے پناہ اقتصادی صلاحیت ہے اور یہ دوسروں کے ساتھ مقابلہ اور محاذ آرائی نہیں بلکہ تعاون چاہتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بڑھ کر افریقہ اور دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطے قائم کرنے ہوں گے۔

قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف مسلسل جنگ کر رہے ہیں ہم نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا اور فاٹا کو دوہشتگردوں سے پاک کیا ہے۔ کراچی میں بھی کامیاب آپریشن کیا گیا اور وہاں امن بحال ہوا ہے۔