Friday, 29 March 2024, 05:32:53 am
وزیراعظم کی سعودی عرب میں مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب میں شرکت
April 16, 2018

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیر کے روز سعودی عرب کے شہر دمام میں گلف شیلڈ ون مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

ایک ماہ طویل ان فوجی مشقوں میں24 ممالک کی فوجوں نے حصہ لیا جس کامقصد علاقائی ممالک کے درمیان فوجی اور سیکورٹی تعاون اور روابط کو مضبوط بنانا تھا۔

وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کی خصوصی دعوت پر اس تقریب میں شرکت کی۔

وزیر دفاع خرم دستگیر خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

پاک فوج کے دستوں' پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے' جے ایف17 تھنڈر طیارے' پاک بحریہ کے جہازوں اور سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے مشقوں میں حصہ لیا۔

مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبد اللہ السبائی کے مطابق یہ مشقیں دو قسم کی فوجی کارروائیوں پر مشتمل تھیں۔ روایتی فوجی کارروائیوں میں دشمن کے خلاف ساحلوں پر دفاعی حملے' محصور دیہات اور صنعتی تنصیبات میں جنگی کارروائیاں اور انہیں انتہا پسند عناصر سے خالی کرانا شامل تھا۔

مشقوں میں شریک ملکوں کے درمیان فوجی اتحاد' اجتماعی سلامتی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا جس کا مقصد مشترکہ منزل کے حصول کیلئے باہمی کوششیں کرنا تھا۔

اختتامی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان' ولی عہد محمد بن سلمان' ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید بن سلطان النہیان' مصر کے صدر عبد الفتح السیسی' متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم ' اردن کے شاہ عبد اللہ ثانی اور بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد شامل تھے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.