Tuesday, 16 July 2019, 05:36:08 pm
سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے
February 16, 2019

سعودی ولی عہد شہزادے کے دورے کے دوران سعودی حکومت کے ساتھ گوادر اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں دس ارب ڈالر مالیت کے تیل صاف کرنے کے کارخانے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔

سعودی عرب کی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ تیل صاف کرنے کے اس مجوزہ کارخانے کی استعداد کار ڈھائی لاکھ سے تین لاکھ بیرل یومیہ اور ایک کروڑ دس لاکھ سے ایک کروڑ تیس لاکھ ٹن سالانہ ہوگی۔

سعودی عرب نے پاکستان میں کان کنی معدنیات کھادوں ، فاسفیٹ اور ایل این جی ذخیرہ کرنے کی استعداد کار میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب نے پاکستان کے پیٹرو کیمیکل شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس کو تقدیر بدل دینے والا منصوبہ قرار دیا گیا ہے اور اس سے درآمدات کی مد میں ایک ارب بیس کروڑ ڈالر سالانہ کی بچت ہوگی۔

آٹھ دیگر مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے جن میں معدنی ترقی ، قابل تجدیدتوانائی کے وسائل ،منشیات اور اس کی سمگلنگ کی روک تھام ، نوجوان اور کھیل ، جرائم کا خاتمہ اور ثقافتی تعاون کے شعبے شامل ہیں۔