Thursday, 25 April 2024, 06:50:09 am
وزیر خارجہ کا پاکستان ، امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد جامع تعلقات کی ضرورت پر زور
February 16, 2019

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع البنیاد اورڈھانچہ جاتی تعلقات کی اہمیت پرزوردیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جرمنی میں میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر ری پبلکن سینٹر لنڈ سے گراہم کے زیر قیادت امریکی ارکان کانگریس کے دوجماعتی گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت ، توانائی اور کاروبارکے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہماری حکومت ملکی سطح پر اصلاحات اور عوام کی ترقی پر مبنی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جن کیلئے پاکستان کے ہمسایہ ملکوں میں امن واستحکام اہم ہے ۔افغانستان سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی بحالی چاہتا ہے انہوں نے کہاکہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ۔وزیرخارجہ نے افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ تمام افغان دھڑوں اور سرحدی علاقے کی نمائندگی کے بغیر حتمی حل پائیدار نہیں ہوگا ۔سینیٹر لنڈسے گراہم نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی حمایت کوسراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے تعاون کے بغیر گزشتہ ماہ دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت ممکن نہ تھی ۔

پاکستان کے اپنے حالیہ دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہاکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے حاصل کی گئی کامیابیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تزویراتی اور جامع شراکت داری کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کی خواہش کی تائید کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے پر زوردیا ہے۔

ادھر میونخ میں سیکورٹی کانفرنس کے دوران افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے موضوع پر ایک پینل مباحثے میںوزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کرنے کی امریکی درخواست کا سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا ہے جس کے نتیجے میں ابوظہبی اور دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوئے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان افغانوں کی قیادت میں حقیقی اور جامع امن اور مفاہمتی عمل کا خواہاں ہے۔شاہ محمود قریشی نے حاضرین کو افغان تنازعے کے فوجی حل کے بجائے پرامن حل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی دیرینہ سوچ سے آگاہ کیا۔وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا کیونکہ افغانستان کے بعد پاکستان سے زیادہ کسی ملک نے نقصان نہیں اٹھایا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.