Saturday, 23 February 2019, 06:08:58 am
پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے ،وزیرخزانہ
January 16, 2019

وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان ،ایران، بھارت اور ترکی سمیت تمام ہمسایہ اور علاقائی ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں برکی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی کی جانب سے گیارہویں سالانہ رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سمیت ہمارے دوست ملکوں نے تجارتی اورمالیاتی خسارے سے نمٹنے کیلئے پاکساتن کی فراخدلانہ مدد کی ہے ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ مغرب میں ایران ، پاکستان کا اہم ہمسایہ ہے اور دنیا کو دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی رکاوٹیں پیدا نہیں کرنی چاہئیں ۔

چین ، پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ یہ بڑا منصوبہ پاکستان کیلئے انتہائی تذویراتی اہمیت کا حامل ہے جس سے نہ صرف پاکستان کے علاقائی ملکوں کے ساتھ رابطے بہتر ہوںگے بلکہ جنوبی اور وسطی ایشیا سے باہر بھی اس کے ثمرات پہنچیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے بلکہ اس اہم منصوبے کے ثمرات آگے پہنچانے کیلئے قابل قدر کردارادا کرنے کا بھی خواہاں ہے ۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ ہم سی پیک کے ذریعے نہ صرف شمال اور جنوب تک پہنچنا چاہتے ہیں بلکہ سماجی واقتصادی ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع کے حصول کیلئے مغربی ممالک تک رسائی بھی حاصل کرناچاہتے ہیں۔

اسد عمر نے کہاکہ پاکستان چین، پاکستان اقتصادی راہداری کے روٹ کے ساتھ مختلف منصوبوں ، سرمایہ کاری کیلئے دیگر فریقوں کو آگے لانے کی غرض سے ایک منصوبے پرکام کررہا ہے جس کا مقصد اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اسد عمر نے کہاکہ حکومت پاکستان کو خودکفیل بنانے کیلئے اقتصادی بحالی کے جامع منصوبے پربھی کام کررہی ہے ۔