Saturday, 16 February 2019, 10:47:04 pm
بلاول،مرادکانام ای سی ایل سےنکالنےکافیصلہ سپریم کورٹ کاتحریری فیصلہ ملنےکےبعدکیاجائیگا، قریشی
January 16, 2019

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج قومی اسمبلی کوبتایا کہ سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ ملنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ نکال دیا جائے گا۔

 آج ایوان میں شازیہ مری اور نوید قمر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات اعتراض کاجواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی نہیں بلکہ اس معاملے پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں ایک کمیٹی بھی کام کررہی ہے جو ایگزٹ کنٹرو ل لسٹ سے متعلق معاملے پر فیصلہ کرے گی۔

 جبکہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ریلوے کےوزیر شیخ رشید احمد نے کہاکہ  پاکستان ریلوے مسافروں کو رعایتیں دینے پر سالانہ دو کروڑ روپے کا نقصان برداشت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ریلوے 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں، خصوصی افراد اور طلبا کو 50 فیصد رعایت دے رہا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ریلوے 75 برس سے زائد عمر کے شہریوں کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کررہا ہے۔

ایک اور سوال پر ہوا بازی ڈویژن کے نگران وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ محدود منڈی تقاضے کے باعث کراچی سے دالبندین کےلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد دو سے کم کرکے ایک کردی گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قومی ائر لائن منڈی کے اعشاریوں، ٹریفک رجحانات اور اس روٹ کی افادیت پر نظر رکھے ہوئے ہے ،دالبندین اورکراچی کے درمیان پروازوں کووسعت دینے کےلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

قومی تحفظ خوراک کے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام فصلوں کے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہرسال چوالیس لاکھ ٹن آلو پیدا کرتا ہے جبکہ ملکی کھپت 33 لاکھ ٹن ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ سے سات لاکھ ٹن آلو بیجوں کیلئے محفوظ کیا جاتا ہے۔صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ چین اور بیلا روس نے ہمارے آلو کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں مزید ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا گیا۔

 یہ بل قانون و انصاف کی پارلیمانی سیکرٹری ملائیکہ بخاری نے قانون و انصاف کے وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم کی طرف سے پیش کیا۔