Saturday, 23 February 2019, 06:18:49 am
وفاقی حکومت سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے گی،وزیراعظم
January 16, 2019

متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے وزیراعظم عمران خان سے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی اور صوبہ سندھ خصوصاً کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سندھ کے عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ ان کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرے گی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور منصوبے کی تکمیل کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جائے گا۔

وزیراعظم آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون فروغ نسیم اور رکن قومی اسمبلی سید امین الحق، وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر شریک تھے۔